احمد آباد،23 جنوری( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پاٹی دار کمیونٹی کے رہنما ہاردک پٹیل نے پی ایم مودی کے پکوڑی والے تبصرہ پر طنزکیا ہے۔ ہاردک پٹیل نے مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ صرف ایک چائے والاہی بے روزگار نوجوانوں کو پکوڑے فروخت کرنے کا مشورہ دے سکتا ہے۔ غور طلب ہے کہ مودی نے حال ہی میں کہا تھا کہ کیا پکوڑے بیچ کر 200 روپے روزانہ کمانے والے کسی شخص کو بے روزگار سمجھا جا سکتا ہے۔ پٹیل نے ایک ٹویٹ کرکے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو پکوڑے کی دکان لگأنے کی تجویز ایک چائے والا ہی دے سکتا ہے، کوئی ماہر اقتصادیات ایسی تجویز نہیں دے سکتا ۔ پٹیل نے حال ہی میں ہوئے گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی حمایت کی تھی۔ غور طلب ہے کہ ہاردک پٹیل مودی پر مسلسل نشانہ لگاتے رہتے ہیں۔ پٹیل کا یہ تبصرہ پی ایم مودی کو ایک ٹی وی چینل کو دیے اس انٹرویو کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں چھوٹے سے چھوٹا کاروبار کرنے والا شخص بھی روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اگر کوئی شخص پکوڑے کی دکان لگاتا ہے اوروہ 200 روپے کما کر گھر جاتا ہے تو آپ اس کو بر سرِ روزگار کہیں گے یا نہیں ؟ اس سے پہلے 2014 کے لیے انتخابات سے قبل اس وقت کانگریس کے بڑے لیڈر رہے منی شنکر ایئر نے بھی چائے والا کہہ کر پی ایم مودی پر نشانہ لگایا تھا۔